لکھنؤ،یکم جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بنی بی جے پی حکومت 11جولائی کو اپنا پہلا بجٹ اسمبلی میں پیش کرے گی۔اسمبلی کا بجٹ اجلاس 11جولائی سے 28جولائی تک چلے گا اور سیشن کے پہلے ہی دن بجٹ پیش کیا جائے گا۔اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یوگی حکومت کا بجٹ 3.6لاکھ کروڑ روپے کا ہوگا۔بجٹ میں چھوٹے اور معمولی کسانوں کی قرض معافی کی رقم بھی شامل ہوگی۔ذرائع کے مطابق دین دیال اپادھیائے سالگرہ سال میں یوگی حکومت ان کے نام سے کئی اسکیمیں بھی شروع کرنا چاہتی ہے۔بجٹ سیشن میں پنچایتی راج ایکٹ ترمیم سمیت کئی بل بھی لائے جا سکتے ہیں۔اسمبلی کے چیف سکریٹری پردیپ دوبے نے بتایا کہ 17ویں اسمبلی کا پہلا سیشن 15مئی سے شروع ہوکر 19مئی تک چلا تھا،اب دوبارہ دوسرا سیشن 11جولائی سے 28جولائی تک چلے گا۔
یوپی کی اقتدار سنبھالنے سے پہلے بی جے پی نے ریاست میں کئی اسکیمیں نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا، جن میں قرض معافی ایک بڑا مسئلہ تھا،قرض معافی کی سوغات دے کر یوگی حکومت اپنے وعدے پر کھری اتری ہے۔یوپی میں بجلی، سڑک، صحت جیسے شعبوں میں بھی کئی سرکاری منصوبوں کو شروع کیا گیا ہے۔بجٹ میں ایسی کئے منصوبوں کے لئے رقم کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔